ضلع سوات کے پولیس افسر عمر خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ سوات میں مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے اور کسی قسم کی تشویش کی کوئی ضرورت نہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گُلکَدہ میں اپنے دفتر میں صحافی سے گفتگو کے دوران کیا۔
ڈی پی او عمر خان گنڈا پور نے بتایا کہ ضلع کے پہاڑی علاقوں سمیت گولیرئی، ڈبسر اور دیگر حساس مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پولیس مکمل طور پر تیار اور ہر قسم کے سازوسامان سے لیس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سوات کے مختلف علاقوں میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے سرچ اور انٹیلیجنس پر مبنی آپریشنز باقاعدگی سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود صورتحال کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں اور مکمل کنٹرول میں ہیں۔
سیاحت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے یقین دلایا کہ سوات کے تمام سیاحتی مقامات مکمل طور پر محفوظ ہیں اور وہاں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے آنے والے سیاح بلاخوف سوات کا رخ کر سکتے ہیں کیونکہ علاقے میں امن برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
آخر میں ڈی پی او نے مقامی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو آگاہ کریں۔
