سوات کے علاقے کالام میں محکمہ جنگلات کے فارسٹ گارڈ پر ٹمبر مافیا کے حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے متعلقہ حکام کو سخت ہدایات دی ہیں کہ ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور ان کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے۔
پیر مصور خان نے کہا کہ فارسٹ گارڈ عزیز الحق پر درختوں کی غیر قانونی کٹائی سے روکنے کی کوشش کے دوران ہونے والا حملہ قابل مذمت ہے اور ایسے واقعات کے سدباب کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت کی کہ جنگلات اور ماحول دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ جنگلات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
معاون خصوصی نے زخمی فارسٹ گارڈ عزیز الحق کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ محکمے کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی بہادری کو سراہا جانا چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عزیز الحق کو ہسپتال میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔
پیر مصور خان کی ہدایت پر چیف کنزرویٹر آف فارسٹ ملاکنڈ ریجن تھری محمد اصغر نے ہسپتال جا کر زخمی اہلکار کی عیادت بھی کی۔ دریں اثنا متعلقہ افسران نے فارسٹ گارڈ پر حملے میں ملوث تین افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
