ڈاکٹر بشریٰ پروین، شعبہ طبیعیات، راولپنڈی ویمن یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والی ایک ممتاز ماہر تعلیم نے حال ہی میں برطانیہ میں سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم کے فروغ کیلئے جدید تربیتی پروگرام میں شرکت کی۔ اس تربیتی پروگرام کا مقصد سائنسی تعلیم میں بہتری اور عملی منصوبہ بندی پر مبنی تدریسی طریقے متعارف کرانا تھا، جس سے پاکستانی تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم بلند کرنے میں مدد ملے گی۔
اس ایک ہفتے کے پروگرام میں بتایا گیا کہ کس طرح پراجیکٹ پر مبنی سیکھنے (پروجیکٹ بیسڈ لرننگ) کے ذریعے طلبہ کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی جیسے مضامین میں جدید مہارتیں سکھائی جا سکتی ہیں۔ تربیت کے دوران مختلف موضوعات جیسے صنعت کے ساتھ تعلیمی روابط، متوازن انداز میں امتحان و تعلیمی جائزے کی حکمت عملی، اور پریکٹس کمیونٹیز و ایس ٹی ای ایم سفیر نیٹ ورک کی تشکیل پر بھی تفصیل سے بات کی گئی۔
اس پروگرام میں "ٹرین دی ٹرینر” ماڈل اپنایا گیا، جس کے تحت شرکاء کو خود بھی مستقبل میں اس تربیت کو آگے منتقل کرنے کے قابل بنایا گیا۔ ڈاکٹر بشریٰ پروین نے اپنی تربیت برطانیہ کی معروف جامعات میں حاصل کی جس میں نیشنل ایس ٹی ای ایم لرننگ سینٹر (یونیورسٹی آف یارک)، یونیورسٹی آف برمنگھم اور کنگز کالج لندن شامل ہیں۔ ان کی اس کاوش کو تعلیمی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں سائنس کی جدید تدریس کو فروغ دینے میں موثر کردار ادا کریں گی۔
