سینیٹر سرمد علی نے تمباکو نوشی ترمیمی بل واپس لے لیا، شیشہ اور فلیورڈ تمباکو پر نئے قانون کا اعلان

3 Min Read

 

سینیٹر سرمد علی نے تمباکو نوشی ترمیمی بل واپس لے لیا، شیشہ اور فلیورڈ تمباکو پر نئے قانون کا اعلان

 

اسلام آباد (ندیم تنولی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز کے اجلاس میں تمباکو نوشی سے متعلق قانون سازی کے ایجنڈے میں بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی جب سینیٹر سرمد علی نے اپنے مجوزہ ترمیمی بل کو باضابطہ طور پر واپس لے لیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس کی بجائے وہ ایک نیا، جامع قانون پیش کریں گے جس میں شیشہ، فلیورڈ تمباکو اور غیر نیکوٹین مصنوعات کو بھی شامل کیا جائے گا جو موجودہ قوانین کے دائرے میں نہیں آتیں۔

اجلاس کا آغاز ایجنڈا آئٹم نمبر 2 کے تحت ہوا جس کا عنوان تھا: "دی پروہیبیشن آف اسموکنگ اینڈ پروٹیکشن آف نان اسموکرز ہیلتھ (ترمیمی بل) 2025۔” تاہم سینیٹر سرمد علی نے کمیٹی کو حیران کر دیا جب انہوں نے بتایا کہ وہ اس حوالے سے وزارتِ صحت کے ڈائریکٹر جنرل سے مشاورت کر چکے ہیں اور طے پایا ہے کہ موجودہ ترمیم آگے نہیں بڑھائی جائے گی بلکہ ایک نیا اور مضبوط بل لایا جائے گا۔

سینیٹر سرمد علی نے وضاحت کی کہ نیا بل تمباکو نوشی کے ضابطوں کا دائرہ مزید وسیع کرے گا۔ اس میں خاص طور پر شیشہ اور فلیورڈ تمباکو کی مصنوعات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ ساتھ غیر نیکوٹین مصنوعات کو بھی ضابطے میں لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا: “ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ہم ایک نیا، ری وائیزڈ بل لائیں گے۔”

وزارتِ قانون کے نمائندے نے وضاحت کی کہ پرانے بل کو صرف ترمیم کے ذریعے آگے نہیں بڑھایا جا سکتا بلکہ اسے باضابطہ طور پر واپس لے کر نیا بل پیش کرنا ہوگا۔ جس پر سینیٹر سرمد علی نے موجودہ بل کو واپس لینے پر اتفاق کیا۔

وفاقی وزیر صحت نے سینیٹر سرمد علی اور وزارت کے درمیان اس مشترکہ لائحہ عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ کئی گھنٹوں کی مشاورت اور تکنیکی بحث کے بعد کیا گیا ہے۔ ارکانِ کمیٹی نے امید ظاہر کی کہ نیا قانون موجودہ قانونی خامیوں کو ختم کرے گا اور غیر تمباکو نوش افراد کے لیے مزید بہتر تحفظ فراہم کرے گا۔

Share This Article
ندیم تنولی اسلام آباد میں مقیم ایک صحافی ہیں جو پارلیمانی امور، موسمیاتی تبدیلی، گورننس کی شفافیت اور صحت عامہ کے مسائل پر گہرائی سے رپورٹنگ کے لیے پہچانے جاتے ہیں۔
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے