سندھ حکومت کا خواتین کیلئے مکانوں کی ملکیت کا عمل

newsdesk
4 Min Read

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے 2022 کے سیلاب سے متاثرہ 21 لاکھ خاندانوں کے لیے تعمیر ہونے والے گھروں کی ملکیت خواتین کے نام پر منتقل کرنے کا فیصلہ محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن سے متاثر ہو کر کیا ہے، جو خواتین کی معاشی خودمختاری پر پختہ یقین رکھتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئے گھر صرف رہائش نہیں بلکہ قیمتی اثاثے ہیں جو خواتین کی مالی سلامتی کو مضبوط کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے ضلعی لاڑکانہ کے گاؤں رہو جہ، تعلقہ رتوڈیرو میں سیلاب متاثرین کے لیے تعمیر ہونے والے اور زیر تعمیر گھروں کا دورہ کیا اور مستحقین میں مالکانہ سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ اس موقع پر پی پی پی ویمن ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے مالکانہ حقوق حاصل کرنے والی خواتین اور ان کے خاندانوں کو مبارکباد پیش کی اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان گھروں کی تعمیر کے ساتھ انہوں نے اور سندھ حکومت نے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کردیا ہے۔ انہوں نے خواتین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ یہ صرف گھر نہیں بلکہ ایسے قیمتی اثاثے ہیں جن کی قدر وقت کے ساتھ بڑھتی جائے گی، انہیں اپنی ملکیت سمجھ کر سنبھالیں، اب کوئی بھی یہ گھر آپ سے نہیں چھین سکتا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس وژن پر عمل کر رہی ہے جس میں انہوں نے عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان دینے کا وعدہ کیا تھا۔ ان کی یاد میں یہ گھروں کی ملکیت خواتین کے نام پر دی جا رہی ہے تاکہ وہ معاشی طور پر مضبوط اور خودمختار ہوسکیں۔ انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے 21 لاکھ سیلاب زدہ خاندانوں کے لیے گھروں کی تعمیر کے عزم اور کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت گھروں میں بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے سولر انرجی سسٹمز نصب کرنے کے ساتھ ساتھ صفائی اور واش رومز کی فراہمی کے منصوبوں پر بھی کام کر رہی ہے۔ دورے کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے رہو جہ گاؤں کے رہائشیوں سے خوشگوار انداز میں گفتگو کی، گھر کی تعمیر، معاشی حالات اور بچوں کی تعلیم سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہیں سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز اور سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن کے نمائندوں نے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاڑکانہ ضلع میں 1 لاکھ 22 ہزار منصوبہ بند گھروں میں سے 90 ہزار پر تعمیراتی کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ مزید یہ کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سروے کے تحت سندھ حکومت نے ہزاروں مستحق اور سیلاب زدگان خاندانوں میں سولر کٹس، جن میں بلب، پنکھے، انورٹر، بیٹریاں اور کیبلز شامل ہیں، تقسیم کیں۔

اس تقریب میں بلاول بھٹو زرداری کے سیاسی سیکریٹری و رکن صوبائی اسمبلی جمیل احمد سومرو، دیگر منتخب اراکین، مقامی نمائندے، پارٹی عہدیداران اور کارکنان بھی شریک تھے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے