ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن پاکستان اور سندھ حکومت کی مشترکہ کوششوں سے آئندہ ماہ صوبہ سندھ میں 40 لاکھ بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کی جائے گی۔ یہ قدم سندھ میں صحت کے شعبے میں ایک بڑی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس مہم کے تحت ہیومن پیپیلوما وائرس (HPV) کی ویکسین لگائی جائے گی، جس کا مقصد نوجوان بچیوں کو سروائیکل کینسر جیسی خطرناک بیماری سے محفوظ بنانا ہے۔ اس حوالے سے صوبائی اسٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، جس کی قیادت صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کر رہی ہیں۔ کمیٹی کا بنیادی مقصد اس مہم کے حوالے سے مکمل تیاری اور اس کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی شمولیت سے ویکسین مہم میں شفافیت اور معیاری انتظام ممکن بنایا گیا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق اس ویکسین کے بروقت استعمال سے ہزاروں زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق اس پروگرام کے تحت اسکولوں اور دیگر صحت مراکز پر ویکسینیشن مہم شروع کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ بچیوں تک یہ سہولت پہنچائی جا سکے۔ اس سلسلے میں والدین اور اساتذہ کو بھی آگاہ کرنے کے لیے خصوصی آگاہی مہمات جاری کی جائیں گی۔
عوامی اور بین الاقوامی اداروں کی اس اشتراک سے سندھ سمیت پورے پاکستان میں صحت کی بہتری کے لیے مثبت نتائج کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
