شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں پاکستان کے یومِ آزادی کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں مریضوں اور عملے نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا مقصد حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کرنا اور ملک کی سلامتی و ترقی میں طبی شعبے کے کردار کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔
تقریب کے مہمان خصوصی نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل وقار الدین سید تھے جنہوں نے شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی جدید اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں صحت کے شعبے میں مستند معلومات کی اہمیت اور آج کے ڈیجیٹل دور میں سائبر سیکیورٹی اور قومی سلامتی کے تقاضوں پر بھی روشنی ڈالی۔ وقار الدین سید نے خبردار کیا کہ جعلی خبریں اور غلط معلومات قومی مفاد کے لیے سنگین خطرہ ہیں، اس لیے آن لائن مواد شیئر کرنے سے پہلے اس کی حقیقت کی مکمل تصدیق ضروری ہے۔
مہمان خصوصی نے کہا کہ جس طرح ہمارے اسلاف نے آزادی کے لیے لازوال قربانیاں دیں، اسی طرح آج ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کی ڈیجیٹل خودمختاری کے تحفظ کے لیے سرگرم اور ہوشیار رہے۔
اس موقع پر شفا انٹرنیشنل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ذیشان بن اشتیاق نے کہا کہ ہسپتال کے ہیلتھ کیئر ہیروز ہر مشکل میں قوم کی خدمت کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال یومِ آزادی مناتے ہوئے ہم معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں قوم کے اتحاد اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں، جس نے دنیا پر ثابت کیا کہ پاکستان ناقابلِ شکست ہے۔
تقریب کے اختتام پر شفا انٹرنیشنل کے پورے عملے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہمدردی، دیانتداری اور قومی ذمہ داری کے ساتھ بہترین طبی خدمات جاری رکھیں گے۔ تقریب کا اختتام حب الوطنی کے نعروں اور پاکستان سے وفاداری کے اظہار کے ساتھ ہوا۔
