شمس آباد مری روڈ کے کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب واقع انڈرپاس میں قابلِ تشویش حد تک آلودہ پانی اور کچرا جمع ہے۔ گٹر میں کھڑے پانی اور کچرے کی وجہ سے راستہ تنگ ہو گیا ہے اور شہری روزانہ اینٹ پتھروں کے اوپر سے گزرتے ہوئے مشکلات کا شکار ہیں۔ظہیر احمد اعوان نے انڈرپاس کا دورہ کر کے اس صورتحال کی نشاندہی کی اور کہا کہ یہاں روزانہ بے شمار اسکول کے بچے، خواتین اور بزرگ شہری گزرنے پر مجبور ہیں جو انتہائی اذیت سے گزرتے ہیں۔ شمس آباد انڈرپاس میں جمع پانی کے باعث لوگ خطرناک انداز میں مری روڈ کراس کرتے ہیں جس سے روزمرہ حادثات اور ٹریفک میں خلل معمول بن چکا ہے۔شہریوں کی بارہا شکایات کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی مناسب جواب یا صفائی کا انتظام نہیں کیا گیا۔ واسا اور روا لپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی مبینہ غفلت کے سبب انڈرپاس کی حالت گزشتہ عرصے سے یوں ہی برقرار ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بغیر شکایات درج کرائے یا سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ادارے حرکت میں نہیں آتے۔ظہیر احمد اعوان نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب فوری طور پر نااہل اور غیر ذمہ دار افسران کو معطل کر کے سخت احتساب کریں اور تمام محکموں میں ذمہ دار، ایماندار افسران کی تعیناتی یقینی بنائی جائے تاکہ شمس آباد انڈرپاس کی صفائی اور حفاظتی اقدامات بروقت مکمل ہوں۔دورے کے موقع پر ڈھوک کالا خان کے سابق امیدوار ناظم راجہ عنصر عباسی، حاجی نصیر بھٹی اور دیگر مقامی رہنماء بھی موجود تھے جنہوں نے بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور فوری اقدام کا مطالبہ دہرایا۔
