شاہین اسپورٹس لیگ چہارم ایوب پارک راولپنڈی

newsdesk
3 Min Read
الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب شمالی کی زیرِ اہتمام 9 نومبر 2025 کو ایوب پارک میں شاہین اسپورٹس لیگ چہارم منعقد ہوگا، 231 یتیم بچوں کی شرکت متوقع ہے

الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب شمالی کے زیر اہتمام ’’شاہین اسپورٹس لیگ 4.0‘‘ — یتیم بچوں کے لیے کھیلوں کا عظیم میلہ ایوب پارک راولپنڈی میں منعقد ہوگا

راولپنڈی:الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب شمالی کے زیرِ اہتمام “شاہین اسپورٹس لیگ 4.0” 9 نومبر 2025 کو ایوب پارک اسپورٹس کمپلیکس، راولپنڈی میں منعقد ہوگی۔ یہ منفرد اسپورٹس گالا الخدمت کے زیرِ کفالت یتیم بچوں کے لیے ترتیب دیا گیا ہے جس میں 12 اضلاع سے 231 بچے حصہ لیں گے، جو 7 مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب شمالی کے صدر رضوان احمد نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ:

’’شاہین اسپورٹس لیگ علامہ اقبالؒ کے پیغامِ خودی اور شاہین کے عزم کی عملی تصویر ہے۔ اس مہم کا مقصد یتیم بچوں میں حوصلہ، اعتماد، قیادت اور ٹیم ورک کے جذبے کو پروان چڑھانا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ بچے احساسِ محرومی کے بجائے خدمتِ خلق اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے ایک روشن پاکستان کی تعمیر میں کردار ادا کریں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں ہزاروں یتیم بچوں کی کفالت کے ساتھ ساتھ ان کی تعلیم، تربیت، کردار سازی اور ذہنی نشوونما کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے، اور شاہین اسپورٹس لیگ انہی کوششوں کا تسلسل ہے۔

میڈیا بریفنگ میں جنرل سیکرٹری الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب شمالی امجد حسین شاہ، ضلعی صدر الخدمت راولپنڈی ہارون رشید، اور ڈپٹی ڈائریکٹر بلال اظفر عباسی بھی موجود تھے۔

پروگرام کے دوران مہمانانِ خصوصی میں ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن (صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان)، ایئر وائس مارشل (ر) فاروق حبیب (نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان) اور بریگیڈیئر عبدالجبار بٹ (نیشنل ڈائریکٹر یتیم کفالت پروگرام) کی شرکت متوقع ہے۔

اختتامی تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں کو انعامات اور اسناد دی جائیں گی جبکہ ملی نغموں، تقریری مقابلوں اور اقبال ڈے کی خصوصی تقاریب بھی منعقد ہوں گی تاکہ بچوں میں حب الوطنی اور خود اعتمادی کے جذبات کو فروغ دیا جا سکے۔

اختتامی کلمات میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب شمالی رضوان احمد نے کہا:

’’یہ بچے ہمارا فخر ہیں۔ اگر ہم ان میں خوداعتمادی اور مقصدِ حیات پیدا کر دیں تو یہی بچے کل کے لیڈر، سائنسدان اور خدمتِ انسانیت کے علمبردار بنیں گے۔‘‘

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے