اسلام آباد میں ایران کے سفارت خانے میں چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر نے ایرانی اعلیٰ حکام سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور ایران کے پارلیمانوں کے درمیان روابط میں اضافے کے لئے نئی بین الاقوامی کانفرنس اور "سسٹر سٹی” کے قیام کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
ملاقات میں مصباح کھر نے ایرانی مشیر وزیر نبی شیرازی اور سیاسی امور کے سیکریٹری ڈاکٹر مهدی بہمنی کو پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کے قیام سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس فورم کا مقصد عالمی سطح پر پارلیمانی تعاون اور مکالمے کو فروغ دینا ہے، اور اس میں دنیا بھر کے 45 پارلیمانوں کے سربراہان شریک ہیں۔ حال ہی میں ملائیشیا میں ہونے والے انتخابات میں پاکستان کے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی متفقہ طور پر فورم کے پہلے صدر منتخب ہوئے ہیں۔
مصباح کھر نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کو باضابطہ دعوت دی کہ وہ 11 اور 12 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے آئی ایس سی کے پہلے مکمل اجلاس میں شرکت کریں۔ انہوں نے بتایا کہ اس اجلاس کا مرکزی موضوع "امن، استحکام اور سلامتی” ہے، جس میں پارلیمانی رہنماؤں کے درمیان مکالمے کے ذریعے عالمی مسائل کا حل تلاش کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے تیاری کے مراحل، موضوعاتی مباحثوں اور اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔
ملاقات کے دوران مصباح کھر نے سینیٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی کا وژن بھی پیش کیا کہ ایران کے شہر گیلان اور پاکستان کے شہر ملتان کو "سسٹر سٹیز” قرار دیا جائے۔ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی، تاریخی اور معاشی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
ایرانی حکام نے نہ صرف آئی ایس سی فورم بلکہ سسٹر سٹی منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے سیاسی، ثقافتی اور عوامی سطح پر تعلقات بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایران کی آئی ایس سی میں شرکت سے دونوں ممالک کے پارلیمانوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور دوطرفہ شراکت داری کو فروغ ملے گا۔ اس ملاقات میں سینیٹ کے سینئر ڈائریکٹر جنرل پروٹوکول طارق بن وحید بھی موجود تھے۔
