"زرعی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں”، وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا خطاب
راولپنڈی — پیر مہر علی شاہ ایئرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں تین روزہ دوسرا انٹرنیشنل پریسژن ایگریکلچر کانفرنس (IPAC) 2025 کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔ کانفرنس کا انعقاد سینٹر فار پریسژن ایگریکلچر (C4PA) کے زیر اہتمام کیا گیا، جس کا موضوع تھا "ڈیجیٹل اختراعات کے ذریعے زرعی شعبے میں تبدیلی”۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی تھے جبکہ ایم پی اے پنجاب محترمہ اسماء ناز عباسی نے مہمانِ اعزاز کے طور پر شرکت کی۔
کانفرنس میں پاکستان سمیت امریکہ، کینیڈا اور چین کے ماہرینِ زراعت نے شرکت کی۔ بعض بین الاقوامی مقررین نے کانفرنس میں بذاتِ خود شرکت کی جبکہ کچھ نے اپنے لیکچر آن لائن پیش کیے۔ اس موقع پر زرعی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور باہمی تعاون کے فروغ کے حوالے سے مختلف موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان میں خوراک کے تحفظ اور زرعی ترقی کے لیے اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ ہمیں اپنی زرعی برآمدات بڑھانے اور جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے پر توجہ دینا ہوگی تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں دنیا بھر کے قابلِ ذکر ماہرین کی شرکت سے شرکاء کو جدید زرعی نظام اور ڈیجیٹل ایگریکلچر کے عالمی رجحانات سے قیمتی آگاہی حاصل ہوئی۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ خودکار نظام، مصنوعی ذہانت اور پریسژن فارمنگ کا دور شروع ہو چکا ہے، اور ہمیں بھی جدید طریقہ کار اپناتے ہوئے اپنی زرعی حکمتِ عملی میں تبدیلی لانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہم پیداواری اخراجات کم، کھاد کا مؤثر استعمال، پانی کا تحفظ اور فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کر سکتے ہیں جبکہ ماحولیاتی اثرات کو بھی کم کیا جا سکتا ہے۔
وائس چانسلر نے تمام ملکی و غیر ملکی مقررین، شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور ڈاکٹر محمد نوید طاہر (چیف آرگنائزر)، ڈاکٹر شعیب راشد سلیم (کانفرنس سیکریٹری) اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے اس کانفرنس کو کامیابی سے منعقد کیا۔
تین روزہ کانفرنس میں آٹھ تکنیکی سیشنز میں مختلف تحقیقی مقالے اور پریزنٹیشنز پیش کی گئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایگریکلچرل ایکسپو، آئی ٹی ایکزیبیشن، فوڈ فیسٹ 2025، برڈ شو، آرٹ اینڈ کرافٹ ایکزیبیشن، پوسٹر اور اورل پریزنٹیشنز بھی کانفرنس کا حصہ تھیں۔
اختتامی تقریب میں مہمانانِ گرامی، مقررین اور شرکاء میں شیلڈز اور سووینئرز تقسیم کیے گئے۔ کانفرنس کے تیسرے روز کسان میلہ یونیورسٹی ریسرچ فارم، کنٹ (تحصیل گوجر خان) میں منعقد کیا جائے گا، جس میں جدید زرعی آلات اور پریسژن فارمنگ کے مظاہرے کیے جائیں گے۔
