قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے چینی شہر تیانجن کا دورہ کیا اور اس موقع پر چین کے صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر توقایف نے صدر شی جن پنگ کی جانب سے تیانجن میں شاندار استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں ایس سی او اجلاس میں شرکت کی دعوت قبول کر کے خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قازقستان مکمل طور پر چین کی صدارت کی حمایت کر رہا ہے اور تنظیم کے وسیع ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔
اس موقع پر صدر توقایف نے دوسری عالمی جنگ میں فتح اور جاپانی عسکریت پسندی پر چین کی کامیابی کی 80 ویں سالگرہ پر بھی صدر شی جن پنگ اور چینی قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ چینی قوم کی فاشزم کے خلاف جدوجہد، بہادری، حب الوطنی اور مضبوط عزم پوری دنیا کے لیے احترام اور پذیرائی کے قابل ہے۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی بھرپور حمایت سے قازقستان اور چین کے مابین جامع اسٹریٹجک شراکت داری تاریخی سطح پر ترقی کر رہی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ سال دو طرفہ تجارت کا حجم 44 ارب امریکی ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا جو باہمی اعتماد اور اقتصادی تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔
