روس میں ہر سال یکم ستمبر کو نئے تعلیمی سال کے آغاز کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر پاکستان میں روسی سفارت خانہ نے تمام طلبہ و طالبات کو ”یوم علم“ کی خوشی میں دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کی ہے۔
روس کے سرکاری تعلیمی اداروں میں اس اہم دن کی مناسبت سے خصوصی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔ اسلام آباد میں روسی سفارت خانے کے زیراہتمام ایمبیسی اسکول میں بھی ایک رنگا رنگ تقریب اور کنسرٹ کا اہتمام ہوا، جس میں اساتذہ، طلبہ اور ان کے والدین نے بھرپور جوش و خروش سے شرکت کی۔ اس موقع پر خاص طور پر پہلی جماعت کے ننھے طلبہ کو بھرپور سراہا گیا جو اپنے تعلیمی سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روس کے سفیر البرٹ خوریف نے طلبہ کے لیے تعلیمی کامیابیوں اور خوشگوار مستقبل کی خواہشات کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ پاکستانی طلبہ کی علمی کاوشوں میں روسی سفارت خانہ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔
