ہمارا مقصد کسانوں کو جدید زراعت کے لیے علم اور آلات کے ذریعے بااختیار بنانا ہے۔ وزیرِ زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی

newsdesk
4 Min Read
وزیرِ زراعت پنجاب کی پیر مہر علی شاہ یونیورسٹی آمد، دو مرلہ چھت پر آبی کاشت منصوبے کی تائید اور فوری جائزے کا اعلان۔

ہمارا مقصد کسانوں کو جدید زراعت کے لیے علم اور آلات کے ذریعے بااختیار بنانا ہے۔ وزیرِ زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی

وزیر زراعت پنجاب سید محمد عاشق حسین کرمانی نے سیکرٹری زراعت پنجاب جناب افتخار علی سہو کے ہمراہ پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کا دورہ کیا۔ یونیورسٹی آمد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان، رجسٹرار، ڈینز، ڈائریکٹرز اور سینئر فیکلٹی ممبران نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس دورے کے دوران وزیر زراعت نے یونیورسٹی کی جدید زرعی ٹیکنالوجیز کے فروغ، خصوصاً ہائیڈروپونکس اور کنٹرولڈ انوائرمنٹ فارمنگ کے شعبوں میں نمایاں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی تحقیقی کاوشیں پائیدار زراعت اورغذائی تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

وزیر زراعت نے “دو مرلہ روف ٹاپ ہائیڈروپونک پراجیکٹ” کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب شہری و نیم شہری علاقوں کو سبز و زرخیز زونز میں تبدیل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہائیڈروپونک روف ٹاپ فارمنگ سے گھریلو سطح پر نامیاتی سبزیاں اگانے کے ساتھ ساتھ صحت مند طرزِ زندگی اور گھریلو بچت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ جدید منصوبہ ہنگامی بنیادوں پر مکمل کر کے وزیراعلیٰ پنجاب کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

وزیر زراعت نے وائس چانسلر اور سیکرٹری زراعت کو ہدایت کی کہ یونیورسٹی اور محکمہ زراعت کے مابین مشترکہ تحقیق، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور کسانوں کی آگاہی کے پروگرامز میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کسانوں کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کو بھی جدید زرعی علم اور آلات سے بااختیار بنانا ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب جناب افتخار علی سہو نے بارانی زرعی یونیورسٹی کے تحقیقی ماحول اور تعلیمی معیار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت ہائیڈروپونک پراجیکٹ کو سبسڈی کی بنیاد پر عوام کی دسترس میں لانے پر کام کر رہا ہے تاکہ یہ ٹیکنالوجی عام شہریوں کی دسترس میں بھی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی مختلف زرعی جامعات کے ساتھ باہمی تعاون کے نتیجے میں کئی منصوبے کامیابی سے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے پائیدار، جدید اور کسان دوست ٹیکنالوجیز کے فروغ کے لیے تحقیقی اشتراک کے تسلسل کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے وزیر زراعت اور سیکرٹری زراعت کے دورہ اور یونیورسٹی کی کاوشوں میں دلچسپی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بارانی زرعی یونیورسٹی وزیراعلیٰ پنجاب کے “ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان” کی تکمیل کے لیے تحقیقی منصوبوں، تربیت اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے ذریعے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں میگا تحقیقی منصوبے، جدید لیبارٹریز اور فیکلٹی کی قیادت میں ایسے پیٹنٹس پر کام جاری ہے جو کم لاگت اور مقامی ضروریات کے مطابق چھوٹے کسانوں کے لیے مفید ثابت ہوں گے

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے