پنجاب میں طلبہ کی تعلیمی استعداد کو بہتر بنانے کے لئے ری میڈیئل لرننگ (آر ایل) پروگرام کے تحت اساتذہ کی تربیت کا سلسلہ جاری ہے۔ اس پروگرام کا مقصد تیسری سے پانچویں جماعت کے طلبہ میں خواندگی اور حسابی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے، جس پر برطانوی کونسل کے تعاون سے ادارہ تعلیم و آگہی (آئی ٹی اے) کام کر رہا ہے۔
آئی ایل ایم پیکٹ پراجیکٹ کے تحت چھ روزہ ماسٹر ٹرینر پروگرام ترتیب دیا گیا ہے، جس میں پنجاب کے مخصوص اضلاع بشمول بہاولنگر، بہاولپور، قصور، خانیوال، لاہور، رحیم یار خان اور وہاڑی کے منتخب ماسٹر ٹرینرز کو تربیت دی جا رہی ہے۔ یہ ماسٹر ٹرینرز بعد ازاں اپنے اضلاع کے اساتذہ کو جدید تدریسی طریقے سکھائیں گے۔
پروگرام کے دوران اساتذہ کو منظم اسباق، تشخیصی جائزوں اور شمولیتی تدریس کے عمل کی تربیت دی جا رہی ہے تاکہ بچوں میں تعلیمی خلا کو دور کیا جا سکے۔ اس اقدام کے ذریعے تعلیمی معیار میں بہتری اور ہر بچے تک معیاری تعلیم کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔
