پاک ای پی اے کی جانب سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کو ری سائیکل پلاسٹک بینچ کا تحفہ
اسلام آباد – نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں آج ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (پاک ای پی اے) نے ری سائیکل کیے گئے پلاسٹک سے تیار کردہ "گرین بینچ” کا باضابطہ طور پر افتتاح اور حوالگی کی نگرانی کی۔
یہ بینچ نیشنل پریس کلب کی سیکرٹری جنرل محترمہ نیر علی نے وصول کیا۔ بینچ سو فیصد ضبط شدہ سنگل یوز پلاسٹک سے تیار کیا گیا ہے جو مختلف کارروائیوں کے دوران اسلام آباد سے ضبط کیا گیا تھا۔ یہ بینچ لاہور کی ایک ری سائیکلنگ کمپنی کے تعاون سے تیار کیا گیا۔
تقریب کے دوران ڈی جی پاک ای پی اے محترمہ زیب کے ہمراہ ادارے کے سینئر افسران ڈاکٹر ذیغم عباس اور راشد چیمہ بھی موجود تھے۔
ڈی جی زیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پاک ای پی اے جلد ہی پریس کلب کو ایک اور پلاسٹک بینچ فراہم کرے گا تاکہ ری سائیکلنگ کے فروغ اور سنگل یوز پلاسٹک کے خلاف آگاہی مہم کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
انہوں نے اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا کہ آئندہ میڈیا کے تمام سوالات کے جوابات ڈاکٹر ذیغم عباس دیا کریں گے، جنہیں پاک ای پی اے کا فوکل پرسن برائے میڈیا مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن آج ہی جاری کیا جا رہا ہے، اور میڈیا نمائندگان مستقبل میں ماحولیات سے متعلق معلومات کے لیے براہِ راست ڈاکٹر ذیغم عباس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک ای پی اے نہ صرف ماحول دوست اقدامات کو فروغ دے رہا ہے بلکہ پلاسٹک ویسٹ کو مفید اور پائیدار مصنوعات میں بدلنے کے عزم پر بھی گامزن ہے۔
