شرحِ سود میں کمی کا عندیہ اور کاروباری برادری کی توقعات

newsdesk
3 Min Read

راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے شرح سود میں کمی کی ضرورت کے اعتراف کا خیرمقدم کیا ہے۔ چیمبر نے اس پیش رفت کو اپنی مسلسل کوششوں کی کامیابی قرار دیا ہے، جس سے کاروباری لاگت میں کمی اور کاروباری سرگرمیوں میں بہتری کی امید کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر راولپنڈی چیمبر میں یوم آزادی اور معرکہ حق کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا۔ اس تقریب کے دوران وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ اگرچہ شرح سود اور مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ کا فیصلہ اسٹیٹ بینک اور مانیٹری پالیسی کمیٹی کرتی ہے، لیکن ذاتی طور پر وہ سمجھتے ہیں کہ حالیہ افراط زر کے رحجانات کو مدنظر رکھتے ہوئے شرح سود میں مزید کمی کی گنجائش موجود ہے۔

راولپنڈی چیمبر کے صدر عثمان شوکت نے کہا کہ چیمبر طویل عرصے سے حکومت سے معاشی بحالی کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتا رہا ہے، جس میں شرح سود کو سنگل ڈیجٹ میں لانا، بجلی اور گیس کے نرخوں میں کمی اور ٹیکس شرحوں میں کمی شامل ہیں۔ اس سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

وزیر خزانہ نے اپنی تقریر میں یقین دہانی کرائی کہ کاروبار دوست ماحول کی فراہمی حکومت اور وزیر اعظم شہباز شریف کی پہلی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی پالیسیوں کا فائدہ معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچانا ہمارا ہدف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں صارفین کے اعتماد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جبکہ ایس اینڈ پی، فِچ اور موڈیز جیسے اداروں نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بھی بہتر کی ہے، جس سے ملک معاشی ترقی کی سمت تیزی سے گامزن ہے۔

تقریب کے دوران وزیر خزانہ کا چیمبر آمد پر صدر عثمان شوکت، سینئر نائب صدر خالد فاروق قاضی، نائب صدر فہد برلاس اور دیگر عہدیداران نے استقبال کیا۔ تقریب میں سرکاری افسران، کاروباری شخصیات اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی گئی اور آر سی سی آئی کی معیشت کی ترقی میں خدمات پر مبنی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے