راولپنڈی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں 78 واں یومِ آزادی بھرپور قومی جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر بورڈ کمپلیکس کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا گیا اور سبزہ زار لان میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان تھے جنہوں نے قومی پرچم کشائی کی، ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کروائی، اور تمام شرکاء کے ساتھ قومی ترانہ پڑھا۔ اس موقع پر شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم تھام کر وطن سے محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
اپنے خطاب میں چیئرمین بورڈ محمد عدنان خان نے کہا کہ پاکستان بے شمار قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا اور اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زندہ قومیں اپنی آزادی کا دن شایانِ شان طریقے سے مناتی ہیں اور آزادی ایک عظیم نعمت ہے جس پر شکر ادا کرنا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔
تقریب کے اختتام پر یومِ آزادی کا کیک کاٹا گیا اور شرکاء میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ ماحول پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا اور ملکی ترقی، امن و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
