راولپنڈی رنگ روڈ اکنامک زونز کے قیام کے لیے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبے کی علاقائی ترقی میں کلیدی کردار اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ رنگ روڈ منصوبہ نہ صرف راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان ٹریفک کے مسائل میں کمی لائے گا بلکہ یہاں کے رہائشیوں کے لیے ایک صاف، صحت مند اور محفوظ ماحول بھی فراہم کرے گا۔
ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ کا منصوبہ جڑواں شہروں میں مثبت تبدیلیاں لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت رنگ روڈ کے اطراف میں لاجسٹکس اور تعلیمی مراکز، ہیلتھ سٹی، ڈرائی پورٹ، کاروباری مراکز، صنعتی زونز، ٹرانسپورٹ ٹرمینلز، ہول سیل مارکیٹس، تفریحی پارکس اور رہائشی علاقوں کا قیام یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے نہ صرف خطے کی معیشت کو تقویت ملے گی بلکہ عوام کو روزگار کے نئے مواقع اور جدید سہولیات بھی مہیا ہوں گی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ تعمیراتی کام جلد تکمیل کو پہنچے گا۔
اجلاس میں او آئی سی کامسٹیک کے سینیئر ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود نے رنگ روڈ منصوبے کو جڑواں شہروں کی دیرینہ ضرورت قرار دیا اور کہا کہ یہ منصوبہ خصوصاً راولپنڈی کے جنوب مغربی علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کا بنیادی محرک ثابت ہوگا۔ انہوں نے سپیشل اکنامک زونز کے قیام کے ساتھ گرین بلڈنگ کوڈ پر عمل اور شہر کی بحالی کے لیے پائیدار پالیسی فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ رہائشی مسائل اور تجاوزات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود نے مزید کہا کہ آر ڈی اے کاروباری طبقے کی مکمل معاونت جاری رکھے گی اور نجی شعبے کو بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے ملک کی معاشی بہتری کے لیے نجی سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کو لازمی قرار دیا۔
سابق سفیر نغمانہ ہاشمی نے بھی اس منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ جڑواں شہروں میں معاشی روابط مضبوط کرنے اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی آر ڈی اے منصور احمد خان، چیف پلانر، ڈائریکٹر ایم پی اینڈ ٹی ای، ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول، ڈائریکٹر انجینئرنگ سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی اور منصوبے کی کامیاب تکمیل کے عزم کا اظہار کیا۔
