راولپنڈی بورڈ انٹرمیڈیٹ 2025 نتائج، طالبات نے تینوں پوزیشنز حاصل کر لیں

newsdesk
4 Min Read

پریس ریلیز
از دفتر تعلقات عامہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی
مورخہ 18 ستمبر 2025

راولپنڈی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ (پہلا سالانہ) امتحان 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا، مجموعی کامیابی 54.12 فیصد رہی؛ طالبات نے ٹاپ تین پوزیشنیں حاصل کر لیں

راولپنڈی (پریس ریلیز) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے انٹرمیڈیٹ پہلا سالانہ امتحان 2025 کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ مجموعی کامیابی کا تناسب 54.12 فیصد رہا۔ مرد طلبہ کی کامیابی کی شرح 39.87 فیصد جبکہ طالبات کی کامیابی کی شرح 62.4 فیصد رہی۔

نتائج کے اعلان کے موقع پر فاتمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی بطور مہمانِ خصوصی موجود تھے۔ تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان، اراکینِ صوبائی اسمبلی ضیااللہ شاہ، عاصمہ عباسی، رفعت عباسی اور فلک شیر سمیت چیئرمین بورڈ محمد عدنان خان، کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان، محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران، طلبہ، طالبات اور والدین بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

نتائج کے مطابق پہلی، دوسری اور تیسری مجموعی پوزیشنیں طالبات نے حاصل کیں۔ پنجاب کالج برائے خواتین تلہ گنگ کی اریج شفقت حیات نے 1148 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، اسی کالج کی عائشہ مشتاق نے 1139 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ رائل کالج آف سائنسز فار گرلز چکوال کی ایمان فاطمہ نے 1138 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پوزیشن ہولڈرز کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور وفاقی وزیر ریلوے نے انہیں میڈلز اور انعامات تقسیم کیے۔

اپنے خطاب میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کامیاب طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں ہونہار طلبہ کو لیپ ٹاپس اور ہونہار اسکالرشپس فراہم کی جا رہی ہیں اور تعلیمی اصلاحات ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کا کریڈٹ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو جاتا ہے۔

وفاقی وزیر نے پاک سعودی تعلقات میں حالیہ معاہدے کو سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت کی ذمہ داری پاکستان کے سپرد ہونا ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے مسلح افواج کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ قوم کی دفاعی اور سفارتی کامیابیوں کا کریڈٹ وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کو جاتا ہے۔

مزید کہا گیا کہ بورڈ کے چیئرمین محمد عدنان خان اور اُن کی ٹیم نے شفافیت اور میرٹ پر مبنی نتائج کو یقینی بنایا ہے جن کے اقدار قابلِ تحسین ہیں۔ صوبائی وزیرِ تعلیم پنجاب سکندر حیات کی کوششیں تعلیمی نظام میں جدت لانے کے حوالے سے قابلِ ستائش ہیں اور راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

ارسلان علی چیمہ
ترجمان تعلیمی بورڈ، راولپنڈی

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے