رومی پارک میں راولپنڈی کینٹ بورڈ کی جانب سے کھلی کچہری منعقد کی گئی جس کی سربراہی ڈپٹی سی ای او ناصر کمال نے کی۔ ڈی جی ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس بورڈ کی خصوصی ہدایات کے تحت یہ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مختلف برانچوں کے انچارج بھی موجود تھے اور کینٹ کے رہائشیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شہریوں نے کھلی کچہری میں اپنے مسائل براہ راست پیش کیے جن میں واٹر سپلائی کی خرابیاں، صفائی کے مسائل، ٹیکس کے متعلق شکایات، عمارات کی تعمیر و مرمت کے امور اور دیگر روزمرہ کے مسائل شامل تھے۔ موصول ہونے والی درخواستوں پر ڈپٹی سی ای او کی جانب سے موقع پر ہی احکامات جاری کیے گئے تاکہ فوری طور پر اقدامات کیے جا سکیں اور شہریوں کو مکمل ریلیف فراہم کیا جا سکے۔عوامی کچہری کے دوران ڈپٹی سی ای او نے واضح کیا کہ شہریوں کے مسائل حل کرنا کنٹونمنٹ بورڈ کی اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برتنے والے ملازمین کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات بروقت میسر ہوں۔شرکاء نے کھلی کچہری کے انعقاد پر ڈی جی ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس، سی ای او راولپنڈی کینٹ بورڈ عامر رشید اور دیگر افسران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ براہِ راست رابطہ شہریوں کے مسائل کے حل کو تیز کرے گا۔ انتظامیہ نے یقین دلایا کہ موصول شدہ شکایات کی پیروی کی جائے گی اور ترقیاتی و سروس کے امور پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
