ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے جلسے پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بزدلانہ کارروائی سے نہ صرف بے گناہ افراد متاثر ہوئے بلکہ سیاسی و قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش بھی کی گئی، تاہم ایسے ہتھکنڈے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
سیدال خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی ایسی کارروائیاں قوم کو متحد کرنے کا سبب بنتی ہیں اور عوام و تمام سیاسی قوتیں مل کر اس چیلنج کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے اور ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس سانحے کو قومی المیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جلسے میں شریک بی این پی کے کارکنان اور عام شہریوں کی شہادت نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
