قومی ورثہ کے تحفظ اور فروغ کیلئے اہم ملاقات

newsdesk
2 Min Read

وفاقی وزیر قومی ورثہ اورنگزیب کھچی نے چیئرپرسن قائمہ کمیٹی سیدہ نوشین افتخار سے ملاقات کی، جس میں ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں طے کیا گیا کہ وزارت قومی ورثہ و ثقافت ہر سطح پر کمیٹی کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور مشترکہ کوششوں سے ملک کے ثقافتی ورثے کو محفوظ اور فروغ دیا جائے گا۔

وزیر قومی ورثہ اورنگزیب کھچی نے سیدہ نوشین افتخار کو قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ کی چیئرپرسن بننے پر مبارکباد دی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی سربراہی میں ثقافتی اداروں کی کارکردگی مزید بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت اور ورثے کے فروغ کو وہ اپنی اولین ترجیح سمجھتے ہیں جبکہ قومی ہیروز سے منسلک ادارے پاکستان کی شناخت ہیں، جنہیں کسی صورت ختم نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بھی واضح طور پر کہا ہے کہ قومی شناخت کے ادارے بند نہیں ہوں گے۔

اورنگزیب کھچی نے یہ بھی واضح کیا کہ وزارت کے ماتحت اداروں کا مقصد منافع کمانا نہیں بلکہ ملک کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کی ترویج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد اکثر ادارے صوبوں کو منتقل ہو چکے ہیں تاہم باقی ماندہ اداروں کی خدمات کو زیادہ موثر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

چیئرپرسن قائمہ کمیٹی سیدہ نوشین افتخار نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش پر انہوں نے یہ ذمہ داری قبول کی ہے اور اب وہ ثقافتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کے تمام ذیلی ادارے انہیں باقاعدہ بریفنگ دیں گے تاکہ کمیٹی کو مکمل آگاہی مل سکے اور بہتر فیصلے کیے جا سکیں۔ ملاقات میں سیکرٹری قومی ورثہ اسد رحمان گیلانی بھی شریک تھے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے