سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام نیشنل یوتھ گیمز 2025 میں شرکت کے لیے پنجاب کی ٹیموں کے ٹرائلز نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس لاہور میں جاری ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب، خضرافضال چوہدری کی زیر نگرانی یہ ٹرائلز منعقد کیے جارہے ہیں، جن کا مقصد بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب ہے تاکہ وہ اسلام آباد میں ہونے والے نیشنل یوتھ گیمز میں صوبے کی نمائندگی کر سکیں۔
بیڈمنٹن کے ٹرائلز جمنازیم ہال میں منعقد ہوئے، جن میں لڑکوں اور لڑکیوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ مجموعی طور پر 80 سے زائد کھلاڑیوں نے ٹرائلز میں شرکت کی جن میں 50 سے زیادہ لڑکے اور 30 لڑکیاں شامل تھیں۔ کھلاڑیوں کے درمیان میرٹ کی بنیاد پر انتخاب کے لیے مقابلے بھی کرائے گئے۔
ٹیم سلیکشن کے اس عمل کی نگرانی ٹرائلز کمیٹی کے ارکان، سیکرٹری پنجاب بیڈمنٹن ایسوسی ایشن طیب سہیل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد وسیم، ساجد حسین اور سینئر کھلاڑی ندیم جاوید و عرفان سعید بھٹی نے کی۔ ٹرائلز میں مکمل شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنایا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چوہدری کا کہنا ہے کہ پنجاب کے کھلاڑیوں کے ٹرائلز اگست کے وسط تک جاری رہیں گے اور کامیاب کھلاڑیوں کو تربیت دینے کے لیے خصوصی کیمپس بھی منعقد کیے جائیں گے۔ ان کیمپس میں ماہر کوچز کی زیرنگرانی کھلاڑیوں کی جسمانی اور فنی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کھلاڑی نیشنل یوتھ گیمز کے لیے بھرپور تیاری کر رہے ہیں اور امید ہے کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
