پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اہم اقدامات اور ایونٹس

newsdesk
2 Min Read

لاہور میں وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت سپورٹس بورڈ پنجاب کے ایک اہم اجلاس میں کھیلوں کے شعبے میں نئی پیشرفت اور نوجوانوں کے لیے گیمز کے انعقاد پر بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں 88 نئی کھیلوں کی اسکیموں پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ پہلی نیشنل یوتھ گیمز اور جشنِ آزادی فیملی فن ریس کی تیاریوں پر بھی خصوصی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفر خان سیال، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب خضر افضال چوہدری اور دیگر اہم افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ جشنِ آزادی فیملی فن ریس لاہور کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا، جس میں 3 ہزار سے زائد نوجوان لڑکے اور لڑکیاں حصہ لیں گے، یہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے نہایت اہم قدم قرار دیا گیا۔

اس موقع پر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ پہلی نیشنل یوتھ گیمز میں پنجاب کی ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ شرکت کریں گی اور اس میں 360 کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام کھلاڑیوں کو 22 اگست سے 5 ستمبر تک مکمل اور مربوط تربیت فراہم کی جائے تاکہ بہترین نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

صوبائی وزیر کھیل نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب میں نوجوانوں کے لیے اربوں روپے کی لاگت سے جدید اسٹیڈیمز اور اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے جا رہے ہیں، تاکہ کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات دستیاب ہو سکیں۔

اجلاس کے بعد صوبائی وزیر نے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جاری ہاکی سمر کیمپ کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر نے نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مستقبل کے لیے محنت جاری رکھنے کی تلقین کی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے