پنجاب حکومت کا نیا طیارہ خریدنے کا فیصلہ، طویل مدتی ریاستی استحکام کو ترجیح

newsdesk
2 Min Read
پنجاب حکومت نے نئی طیارہ خریداری کو حفاظتی اور انتظامی ضروریات کی روشنی میں طویل مدتی سرمایہ کاری قرار دیا، مرمت کے اخراجات کو کم قرار دیا گیا

لاہور: پنجاب حکومت نے نئے طیارے کی خریداری کے فیصلے کو ریاستی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام محض ایک انتظامی اخراج نہیں بلکہ طویل مدتی منصوبہ بندی، حفاظتی تقاضوں اور مؤثر حکمرانی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

حکومتی مؤقف کے مطابق موجودہ طیارہ اپنی تکنیکی مدت پوری کر چکا ہے اور حفاظتی معیارات کے مطابق اس کی تبدیلی ناگزیر ہو گئی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ نیا طیارہ آئندہ کئی دہائیوں تک صوبے کی انتظامی سرگرمیوں، ہنگامی صورتحال اور عوامی خدمات میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام صوبائی حکومتیں اپنے انتظامی امور کی انجام دہی کیلئے فضائی وسائل برقرار رکھتی ہیں اور ان کی دیکھ بھال ریاستی ڈھانچے کا حصہ ہے۔ پنجاب حکومت کے مطابق پرانا طیارہ مسلسل مرمت اور اضافی اخراجات کا باعث بن رہا تھا جبکہ نیا طیارہ کم آپریشنل لاگت کے ساتھ ایک دیرپا اثاثہ ثابت ہوگا۔

حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ طیارہ کسی فرد کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ ایک ادارہ جاتی اثاثہ ہے جو آئندہ آنے والے تمام وزرائے اعلیٰ کے زیر استعمال رہے گا۔ مزید یہ کہ پرانے طیارے کی فروخت اور بہتر مالیاتی منصوبہ بندی کے ذریعے اس سرمایہ کاری کو متوازن بنایا جا سکتا ہے۔

پنجاب حکومت نے عالمی مثالوں کا حوالہ دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ دنیا کی متعدد ریاستیں انتظامی اور ہنگامی ضروریات کیلئے جدید فضائی بیڑے رکھتی ہیں تاکہ قدرتی آفات، سیلاب اور دیگر بحرانوں کے دوران فوری رسائی ممکن بنائی جا سکے۔

حکام کے مطابق آج کی خریداری مستقبل میں بڑھتی ہوئی عالمی قیمتوں اور مہنگائی کے اثرات سے سرکاری خزانے کو محفوظ رکھنے کا ذریعہ بھی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جدید اور محفوظ ٹیکنالوجی کا انتخاب سیاسی بحث سے بالاتر ہو کر ریاستی استحکام، تسلسل اور مؤثر حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے