سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے درمیان ایک اہم ملاقات میں قومی کھیل ہاکی کو فروغ دینے، اس کی بحالی اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کئی اقدامات پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس ملاقات میں ہاکی کے مستقبل اور نوجوانوں کی تربیت کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چوہدری سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے ملاقات کی، جس میں ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم اور پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ہارون سعید بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ قومی کھیل ہاکی کے کھلاڑیوں کو انڈوومنٹ فنڈ میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں مالی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
خضرافضال چوہدری نے وضاحت کی کہ ہاکی کو اب سپورٹس بورڈ پنجاب کے سالانہ سپورٹس کیلنڈر میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے ملک بھر سے نئے ٹیلنٹ کو ابھارنے کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سمر سپورٹس کیمپ میں بچوں کو ہاکی کی باقاعدہ تربیت دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ کھیل کی بنیاد مضبوط ہو سکے۔
معروف ہاکی ایونٹ نیشن کپ میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم اور انڈر 18 ٹیم کی شاندار کارکردگی کو قومی سطح پر سراہا گیا ہے، جس سے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ خضرافضال چوہدری نے کہا کہ ہاکی کی بہتری کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مکمل تعاون جاری رہے گا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے پنجاب سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے ان اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ہاکی میں کرپشن اور گروپ بندی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کے نمائندے تمام اضلاع کے دورے کر چکے ہیں اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے ساتھ مل کر ہاکی کے سنہرے دور کی بحالی کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
