پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کے نئے عہدیداران کا انتخاب
لاہور میں منعقدہ جنرل کونسل کے اجلاس میں پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کے اگلے چار سال کے لیے عہدیداروں کا انتخاب عمل میں آیا۔ اجلاس کی صدارت عابد حسین باکسر نے کی، جس میں پنجاب بھر کے تمام ڈویژں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر چودھری مستعصم کو چیئرمین، عابد حسین باکسر کو صدر، شرجیل ضیا بٹ کو سیکرٹری جنرل اور محمد طارق گجر کو خزانچی منتخب کیا گیا۔
نو منتخب باڈی میں کو چیئرمین اور سینئر نائب صدر چودھری محمد سلطان محمود، جبکہ نائب صدور میں ماسٹر محمد رمضان (ساہیوال)، انور احمد (گوجرانوالہ)، عبدالجبار (راولپنڈی)، گلزار احمد (فیصل آباد) اور پروفیسر صفدر علی آصف (لاہور) شامل ہیں۔ عبدالجبار کو ایسوسی ایٹ سیکرٹری، ثمین الطاف (راولپنڈی) کو ایکزیکٹو کمیٹی کی رکن، خولہ اطہر کو لیڈی ایسوسی ایٹ سیکرٹری اور جلال حدید (سرگودھا)، سید قنبر علی حمدانی (بہاولپور) کو ایکزیکٹو ممبرز اور حاجی عبد الخالق مغل کو میڈیا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ عبدالوھاب کو آئی ٹی انچارج کا عہدہ سونپا گیا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین چودھری مستعصم نے کہا کہ باصلاحیت باکسرز کو آگے لایا جائے گا۔ صدر عابد حسین باکسر نے تمام شرکاء کا قیمتی وقت دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چیئرمین کی جانب سے صوبائی سطح پر باصلاحیت بچوں کے لیے پنجاب اسٹیڈیم میں ٹریننگ کیمپ کے انعقاد کا وعدہ خوش آئند ہے۔ خزانچی طارق گجر نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور بچوں کو اسکالرشپ دینے کے لیے مختلف ذرائع سے اسپانسر شپ حاصل کی جائے گی۔
