پی آر اے پاکستان کی الیکشن کمیٹی کی تشکیل کی تفصیلات

newsdesk
3 Min Read

پی آر اے پاکستان نے آئندہ انتخابات کے شفاف اور منظم انعقاد کے لیے پانچ رکنی الیکشن کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس کمیٹی میں طارق محمود سمیر، اعجاز احمد، ناصر نقوی، قومی اسمبلی کے ڈائریکٹر جنرل میڈیا ظفر سلطان خان اور سینیٹ کے ڈائریکٹر میڈیا اسد مروت شامل ہیں۔ کمیٹی کا مقصد الیکشن کے تمام انتظامات کی نگرانی اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ پی آر اے پاکستان کی گورننگ باڈی کے آخری اجلاس میں صدر عثمان خان کی صدارت میں الیکشن کمیٹی کی تشکیل اور اس کے اراکین کے ناموں کی منظوری دی گئی۔ سیکرٹری نوید اکبر نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا اور سالانہ فیسیں جمع کرانے والے ممبران پر مشتمل حتمی فہرست بھی منظور کی گئی۔ اتفاق رائے سے فیصلہ ہوا کہ موجودہ باڈی اپنی مدت مکمل ہونے پر تحلیل کر دی جائے گی اور تمام انتظامی امور الیکشن کمیٹی کے سپرد ہوں گے، جس کو کسی قسم کا ردوبدل کرنے کا اختیار نہیں ہوگا۔

اجلاس میں صدر عثمان خان نے اپنے ساتھی عہدیداروں کے بھرپور تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ دو سالہ سفر کا آغاز اور اختتام نہایت شاندار رہا۔ انہوں نے تنظیم کے ارکان کی سہولت کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا اور ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ سیکرٹری پی آر اے نوید اکبر نے باڈی کی دو سالہ کارکردگی کی تفصیل بیان کی اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ انتخابات کے بعد قائم ہونے والی نئی باڈی، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ان ارکان کو، جنہوں نے پی آر اے میں فرائض انجام دیے، دس دس ہزار روپے بطور اعزازیہ دے گی۔ مزید یہ فیصلہ کیا گیا کہ آخری تاریخ تک فیس جمع کرانے والے ارکان ہی انتخابات میں حصہ لینے اور ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔

اجلاس میں ڈی جی میڈیا ظفر سلطان خان، ان کی ٹیم، چیئرمین سینیٹ کے میڈیا ایڈوائزر میاں خرم رسول اور میڈیا نمائندگان کے تعاون کو بھی سراہا گیا۔ اختتام پر سبکدوش ہونے والے عہدیداروں کو یادگاری تصویری سوینیئر پیش کیے گئے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے