پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر ملک خالد نواز بوبی نے کہا ہے کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نئی نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے ہیں اور انہیں منفی رجحانات سے دور رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس، ڈبل روڈ، راولپنڈی میں کیوکشن کان آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام رویاما کپ کی تقسیم انعامات کی تقریب کے دوران کیا۔
تقریب میں جنرل سیکرٹری پی ایس ایف راولپنڈی ملک صبیح نواز، صدر پی وائی او راولپنڈی چوہدری عبدالرحمان توکلی اور سیکرٹری اطلاعات پی وائی او راولپنڈی ملک عمر اعجاز نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ کھیلوں کے فروغ سے معاشرے میں مثبت تبدیلیاں آتی ہیں اور نوجوانوں کی صلاحیتیں ابھر کر سامنے آتی ہیں۔
ایونٹ کے چیف آرگنائزر سنسی کامران خان نے تقریب کے اختتام پر مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی سرپرستی کرنے والی قیادت ہی ملک میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی تقریبات کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور نوجوان نسل کی رہنمائی کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
ملک خالد نواز بوبی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے، جبکہ شائقین کی بڑی تعداد نے اس تقریب میں بھرپور شرکت کی، جس سے ایونٹ کی رونق میں اضافہ ہوا۔ اس موقع پر پی ایس ایف، پی وائی او کے مختلف رہنما اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔
