پرتگال کے سفیر کا کراچی اور ٹھٹھہ میں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے منصوبوں کا دورہ

newsdesk
3 Min Read
پرتگال کے سفیر نے کراچی اور ٹھٹہ میں آغا خان کے تعلیمی، صحت اور دیہی ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور آئندہ تعاون پر گفتگو ہوئی۔

اسلام آباد – پاکستان میں پرتگال کے سفیر فریڈریکو سلوا نے کراچی اور ٹھٹھہ کا ورکنگ دورہ کیا جہاں انہوں نے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) اور آغا خان فاؤنڈیشن (AKF) کے تحت جاری سماجی و معاشی ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دورے کا مقصد صوبہ سندھ میں AKF کی دیرینہ خدمات، ان کے معیار، وسعت اور مقامی کمیونٹیز پر اثرات کا براہ راست مشاہدہ کرنا تھا۔

کراچی میں سفیر نے آغا خان ایجوکیشن کے ادارے—اے کے ہائر سیکنڈری اسکول، سلطان محمد شاہ آغا خان اسکول، اور آغا خان انسٹی ٹیوٹ فار ایجوکیشنل ڈیویلپمنٹ—کا تفصیلی معائنہ کیا، جہاں انہیں جدید تدریسی ماڈلز، اساتذہ کی تربیت کے پروگراموں اور اعلیٰ تعلیمی ماحول کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
انہوں نے آغا خان یونیورسٹی (AKU) کی قیادت سے بھی ملاقات کی اور اس کے عالمی شہرت یافتہ اسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سفیر سلوا نے AKU کو ’’جنوبی ایشیا کے بہترین تعلیمی اور طبی اداروں میں سے ایک‘‘ قرار دیا۔

ٹھٹھہ کے دورے میں پرتگالی وفد نے آغا خان رورل سپورٹ پروگرام (AKRSP) کے تحت ساحلی اور دیہی علاقوں میں جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔ وفد نے احمد خان بلوچ گاؤں میں جھینگا اور کیکڑوں کی فارمنگ کے منصوبوں، جبکہ دیگر دیہات میں صاف پانی، حفظانِ صحت اور چھوٹے پیمانے پر زرعی منصوبوں کا معائنہ کیا۔ یہ منصوبے اس بات کی مثال ہیں کہ AKDN کس طرح پسماندہ علاقوں میں کمیونٹی پر مبنی ترقیاتی پروگرام موثر انداز میں چلا رہا ہے۔

دورے کے دوران پرتگالی سفیر نے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کی پاکستان کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’’AKDN کی پیشہ ورانہ صلاحیت، وژن اور عوامی خدمت کا جذبہ پاکستان کے مختلف صوبوں میں ایک مثالی ماڈل ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور دیہی ترقی جیسے شعبوں میں AKDN کا کردار دیرپا، پائیدار اور اعلیٰ معیار کا ہے۔

پرتگال کا سفارت خانہ مستقبل میں AKDN کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہشمند ہے اور اسے پاکستان میں انسانی ترقی، سماجی بہبود اور شمولیتی معاشی پیش رفت کا قابلِ اعتماد شراکت دار قرار دیتا ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے