کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے صدر پروفیسر خالد مسعود گوندل کی قیادت میں وفد نے معزز اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سینئر نائب صدر پروفیسر محمد شعیب شافی، ڈی جی این آر پی پروفیسر محمود ایاض، ڈی جی ایم ای پروفیسر عامر زمان خان اور ڈائریکٹر بین الاقوامی تعلقات میجرجنرل پروفیسر مظہر اسحاق بھی موجود تھے۔صدر نے کالج کی قومی اور بین الاقوامی خدمات، تربیتی پروگراموں اور پیشہ ورانہ شراکت داریوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا اور بین الاقوامی طبی تعلیم کانفرنس ۲۰۲۶ کے بعد موصول ہونے والی آراء اور دنیا بھر کے رائل کالجز کے صدور کے تاثرات کی بابت بریفنگ دی۔ ملاقات میں طبی تعلیمی معیار کی بہتری اور بیرونِ ملک متعلقہ اداروں سے تجربات کے تبادلے پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔معزز اسپیکر نے طبی تعلیم کے شعبے میں کالج کی کوششوں اور خدمات کو سراہا اور کہا کہ اعلیٰ طبی تربیت ملک کے صحت کے نظام کو مضبوط بناتی ہے۔ اسپیکر نے ادارے کی نمائندہ پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مستقبل میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر کالج کے وفد نے اسپیکر کو ادارے کی تاریخ کی کتاب اور سالانہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی جو انتظامی اور تعلیمی کامیابیوں کی عکاس تھی۔ ملاقات میں سامنے آنے والے نکات اور متعلقہ تجاویز کو آگے کے پروگرامز میں شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ طبی تعلیم کی بہتر حکمتِ عملی پر عمل درآمد ممکن ہو سکے۔
