پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وائس چانسلر، پروفیسرز، ڈائریکٹرز اور دیگر اعلیٰ افسران سے ملاقات کی اور ایک خصوصی انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد نے ادارے کی نمایاں کامیابیوں اور مستقبل کے لیے تیار کیے گئے اسٹریٹیجک منصوبہ بندی پر جامع بریفنگ دی۔
ڈاکٹر اقرار احمد خان نے غازی یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات اور بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور وائس چانسلر سمیت تمام ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی تعلیمی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور اس کی مجموعی ترقی کے لیے شروع کیے گئے منصوبوں میں کمیشن کی مکمل حمایت حاصل رہے گی۔ چیئرمین نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن تعلیمی معیار کو بلند کرنے اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے یونیورسٹی کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔
