ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور ڈویژن نے رائز کنیکٹ کے زیرِ اہتمام ہر رائز ویمن شوکیسنگ ڈے کے موقع پر یونیورسٹی آف پشاور کے بزنس انکیوبیشن سینٹر میں منعقدہ انویسٹر سمٹ میں شرکت کی۔ اس ایونٹ میں مقامی خواتین اسٹارٹ اپس نے سرمایہ کاروں اور صنعت کے ماہرین کے سامنے اپنے منصوبے پیش کیے اور ممکنہ تعاون کے مواقع تلاش کیے۔سمٹ کا مقصد خواتین قیادت میں چلنے والی نئی کمپنیوں کو سرمایہ کاروں تک پہنچانا اور انہیں مضبوط کاروباری ماڈلز اور مالی منصوبہ بندی کے ذریعے سرمایہ کاری کے قابل بنانا تھا۔ اس موقع پر ارکان کو ترجیحی رسائی اور شرکت پر رعایتی شرائط فراہم کی گئیں تاکہ مقامی خواتین کاروباری مواقع سے زیادہ مستفید ہوسکیں۔صدر ویمن چیمبر پشاور ڈویژن قرۃ العین نے تقریب میں شرکت کر کے خواتین کی کاروباری شرکت کی حمایت کا اظہار کیا۔ ممبر انیلا اشرف نے پینل مباحثے میں حصہ لیا اور مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جبکہ نوشین نے مقابلے کے دوران اپنے کاروباری آئیڈیا کی پیشکش کر کے سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کی۔یہ تقریب خواتین کاروباریوں کو موقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں اور ماہرین کے درمیان براہِ راست رابطہ قائم کرنے کا اہم پلیٹ فارم ثابت ہوئی۔ رہنماؤں اور شرکاء نے اسے مقامی سطح پر خواتین کی اقتصادی خود مختاری کو فروغ دینے کے لیے مفید قرار دیا اور کہا کہ ایسے مواقع سے کاروباری ترقی اور مالی استحکام کے نئے راستے کھلیں گے۔
