پیپسی نیشنل پی ڈی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ چیمپئن شپ میں کوئٹہ نے لاہور کو محض 51 رنز پر آؤٹ کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی، جو پاکستان کی معذور کرکٹ کی تاریخ کا سب سے کم اسکور ہے۔ اس فتح کے ساتھ کوئٹہ نے لاہور کو یکطرفہ مقابلے میں 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ دوسری جانب ملتان نے کراچی کو سنسنی خیز مقابلے میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچنے کے امکانات مزید روشن کر لیے۔
پاکستان فزیکل ڈس ایبیلیٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں جاری ٹورنامنٹ کے دوسرے روز صدر عمران بلوانی، سیکریٹری جنرل اور ایونٹ ڈائریکٹر عامرالدین انصاری، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ صبیح اظہر، کوئٹہ ریجن کے سربراہ اسلم بدیچ، لاہور-سیالکوٹ ریجن کے جاوید اشرف، پی ڈی کرکٹ کے بانی محمد نظام اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
پہلے میچ میں ملتان نے کراچی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔ کراچی نے پہلے کھیلتے ہوئے 124 رنز اسکور کیے، عمر فاروق نے 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ کامران خان 21 اور عریفین ارشد 15 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ملتان کے محمد عرفان نے 28 رنز دے کر 4 کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ زبیر سلیم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں ملتان کی ابتدائی بلے بازی کمزور رہی اور صرف 34 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ تاہم، محمد شہزاد اور مجید حسین نے اننگز کو سہارا دیا۔ مجید حسین نے 38، جہانزیب تیوَانہ نے 28، زبیر سلیم نے 23 اور محمد شہزاد نے 21 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ اس میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز زبیر سلیم کو دیا گیا جو عامرالدین انصاری کے ہاتھوں ملا۔
دوسرے میچ میں کوئٹہ نے لاہور کو یکطرفہ مقابلے میں 9 وکٹوں سے شکست دی۔ لاہور کی پوری ٹیم صرف 51 رنز پر ڈھیر ہو گئی جس میں عتیق الرحمن 11 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کوئٹہ کے محمد متھل نے 19 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، علی بخش نے 6 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نظام الدین نے ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔
کوئٹہ نے ہدف محض 5.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر آسانی سے حاصل کر لیا۔ سیف اللہ نے 22 اور جمن شاہ نے 18 رنز بنائے۔ اس شاندار کارکردگی پر محمد متھل کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا اور انعام اسماعیل رضوی نے دیا۔
ان مقابلوں میں وسیم الدین اور محمد ریحان نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیے جبکہ شکیل سجاد میچ ریفری رہے۔
آج تیسرے دن کے مقابلوں میں لاہور اور ملتان کا آمنا سامنا ہوگا جبکہ کوئٹہ کا مقابلہ کراچی سے ہو گا۔
