پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیئرا) نے شمالی ریجن کے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے اسلام آباد میں نجی تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے اپنی کوششوں کو مزید مضبوط کر دیا ہے۔ اس شراکت داری کا مقصد تعلیمی اداروں میں طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانا اور منشیات کے استعمال کا مکمل خاتمہ کرنا ہے۔
اس سلسلے میں اے این ایف شمالی ریجن کے ڈپٹی ریجنل ڈائریکٹوریٹ کمانڈر، لیفٹیننٹ کرنل راحیل حسین نے پیئرا کے ہیڈکوارٹرز کا خصوصی دورہ کیا جہاں منشیات کی روک تھام اور آگاہی کے حوالے سے مختلف حکمت عملیوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں اداروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ طلبہ میں منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہمات اور تربیتی سیشنز کا انعقاد نہایت ضروری ہے۔
پیئرا کی چیئرپرسن ڈاکٹر سیدہ ضیاء بتول نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیئرا تعلیمی اداروں میں محفوظ اور منشیات سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لیے اسٹریٹجک تعاون، آگہی سرگرمیوں اور عملے کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں اور نوجوانوں کو منشیات جیسے خطرناک عناصر سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
پیئرا اور اے این ایف کی مشترکہ کوششوں سے توقع کی جا رہی ہے کہ اسلام آباد کے نجی تعلیمی ادارے منشیات کے خاتمے اور طلبہ کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کر سکیں گے۔
