پٹرولنگ پولیس راولپنڈی ریجن کے ریجنل آفیسر ایس پی فیصل سلیم کی سرپرستی میں پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لیے ایک مفت طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصد عملے کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا بتایا گیا۔ اس کیمپ کا انعقاد تاجر ویلفیئر فاؤنڈیشن ہسپتال، روشن ہیلتھ ریسرچ اینڈ ویلفئیر سوسائٹی پاکستان اور شفاء نور فاؤنڈیشن کے اشتراک سے کیا گیا جہاں طبی معائنہ کے ساتھ ادویات بھی فراہم کی گئیں۔کیمپ میں شریک طبی عملے میں تاجر ویلفیئر ہسپتال کے سی ای او ساجد حسن بٹ اور ان کی ٹیم، نور فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد احمد اور ان کی ٹیم، ڈاکٹر محسن عباس، ڈاکٹر ایمان مقصود، ڈاکٹر آمنہ صدیق اور ڈاکٹر محمد علی شامل تھے جبکہ پولیس لائن ہسپتال کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد ابوبکر اور ان کے عملے نے بھی خدمات انجام دیں۔ ریجنل آفیسر نے طبی ٹیم اور تعاون کرنے والے اداروں کو اعزازی شیلڈ اور سرٹیفیکیٹ پیش کیے اور ان کی کاوشوں پر شکریہ ادا کیا گیا۔اس موقع پر ریجنل آفیسر نے واضح کیا کہ پٹرولنگ پولیس اپنے ملازمین کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتا ہے اور ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے تاکہ پولیس اہلکار اور ان کے خاندان صحت کی سہولتوں سے مستفید ہو سکیں۔ کیمپ میں بڑی تعداد میں پولیس عملہ اور ان کے گھرانے شامل ہوئے اور انہیں بروقت طبی سروسز فراہم کی گئیں جو پٹرولنگ پولیس کی عوامی اور ملازمین کے حق میں اٹھائی جانے والی کوششوں کی عکاسی کرتی ہیں۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس نوعیت کے پروگرام ملازمین کی سہولت اور سرکاری خدمات کی بہتر فراہمی کے ضمن میں اہم قدم ہیں اور مستقبل میں مزید تعاون اور ایسے اقدامات متوقع ہیں۔
