پاسبان وطن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں نے قومی پریس کلب اسلام آباد کا دورہ کیا اور گزشتہ روز پریس کلب کے باہر ہونے والے مظاہرے کے دوران پولیس کی جانب سے صحافیوں کے ساتھ ناروا سلوک اور پریس کلب کی حدود میں داخل ہو کر صحافیوں پر تشدد کے واقعے پر صحافیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ پاسبان وطن پاکستان کا موقف واضح تھا کہ صحافیوں کے تحفظ اور اظہار رائے کی آزادی کو ہر صورت برقرار رکھا جانا چاہئے۔پاسبان وطن پاکستان کے وفد میں مختار احمد اعوان، سید نبی شاہ ترمزی، رخشندہ تسنیم، طاہر محمود، رانا اشتیاق، سید بختی شاہ اور اعجاز احمد شامل تھے اور انہوں نے پریس کلب میں موجود صحافیوں سے بات چیت بھی کی۔ وفد نے صحافیوں کے خدشات سنے اور واقعے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف مناسب کارروائی کا مطالبہ کیا۔چیئرمین پاسبان وطن پاکستان مختار احمد اعوان نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ پاسبان وطن پاکستان مکمل طور پر آزادی اظہار رائے کے ساتھ کھڑا ہے اور پریس کلب میں ہونے والا واقعہ انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ صحافیوں پر تشدد کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں اور ایسے واقعات سے صحافتی فضا متاثر ہوتی ہے، اس لیے اس طرح کے واقعے کی شفاف تحقیقات ضروری ہیں۔وفد کا کہنا تھا کہ آزادیٔ صحافت اور صحافیوں کا تحفظ آئین و قانون کی روح کے مطابق ہے اور ریاستی اداروں کو بھی اس ضمن میں ذمہ داری نبھانی چاہئے۔ پاسبان وطن پاکستان نے صحافیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کااعادہ دہرایا اور مطالبہ کیا کہ مستقبل میں پریس کلب کی حدود اور صحافیوں کے وقار کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
