چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی اہم ملاقات، بین الپارلیمانی کانفرنس سمیت حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال

newsdesk
3 Min Read

اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں ملکی پارلیمانی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے، قومی و عالمی امور پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے اور حالیہ قدرتی آفات سمیت مختلف اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسپیکر قومی اسمبلی کو آئندہ منعقد ہونے والی بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ یہ اہم اجلاس پاکستان میں منعقد کیا جائے گا جس میں دنیا کے پینتالیس سے زیادہ ممالک کے پارلیمانی وفود شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس کے دوران علاقائی امن، پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور دیگر عالمی چیلنجز پر مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے پر غور ہوگا۔

اس ملاقات کے دوران سردار ایاز صادق نے چیئرمین سینیٹ سے ان کے کزن سید تنویر الحسن گیلانی کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحوم کی مذہبی، روحانی اور فلاحی خدمات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی نیک سیرت اور عوام دوست خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کی کامیاب میزبانی کے لیے قومی اسمبلی کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ یہ موقع پاکستان کے لیے عالمی سطح پر اپنا مثبت تشخص اجاگر کرنے کا ایک سنہری موقع ہوگا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملک میں جاری سیاسی اور معاشی صورتحال پر بھی گفتگو کی، خصوصاً حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پیدا شدہ تباہ کن حالات اور بھارت کی جانب سے پنجاب کے دریاؤں میں اضافی پانی چھوڑنے کے نتیجے میں ہونے والے انسانی و مالی نقصانات کا بغور جائزہ لیا گیا۔ دونوں قائدین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس قدرتی آفت کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومتی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی یکجہتی اور باہمی ہم آہنگی سے اس آزمائش پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے