پارلیمنٹ لاجز میں ترقیاتی کاموں اور سکیورٹی امور پر قائمہ کمیٹی کا اجلاس

newsdesk
2 Min Read

اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت ہاؤس اینڈ لائبریری کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پارلیمنٹ لاجز کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں اراکین نے پارلیمنٹ لاجز میں جاری مسائل کے حل میں سست روی پر تشویش کا اظہار کیا اور پارکنگ کی جگہ کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں کمیٹی کو بتایا گیا کہ پارلیمنٹ لاجز میں مزید 104 فیملی سوٹس اور 400 سرونٹ کوارٹرز کی تعمیر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی نے پارلیمنٹ لاجز اور ایم این ایز ہوسٹل میں سیکیورٹی بڑھانے کے لیے مزید سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی سفارش کی۔ کمیٹی ممبران نے بتایا کہ اس وقت نصب شدہ 40 میں سے صرف 30 کیمرے فعال ہیں، جس پر سی ڈی اے افسران نے یقین دہانی کرائی کہ بقیہ کیمرے بھی تین ماہ میں مکمل طور پر فعال کر دیے جائیں گے۔

کمیٹی نے سیکیورٹی کے انتظامات پر بھی اظہار خیال کیا اور بتایا کہ اس وقت پارلیمنٹ لاجز پر صرف 6 اسلام آباد پولیس اہلکار تعینات ہیں، جو ناکافی ہیں۔ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ اراکین اسمبلی کی سیکیورٹی کے لیے مناسب تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں۔

علاوہ ازیں، کمیٹی نے پارلیمنٹ لاجز میں بار بار آنے والے مسائل میں مستقل حل لانے کی ضرورت پر زور دیا، جن میں پانی کے رساؤ، دیواروں میں دیمک کی موجودگی اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے مسائل شامل ہیں۔

اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی اعجاز حسین جکھرانی، محمد معین عامر پیرزادہ، عالیہ کامران، چیئرمین سی ڈی اے، سینئر افسران، اسلام آباد پولیس اور وزارت خزانہ کے نمائندے شریک ہوئے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے