پاکستان میں نوجوانوں کے لیے آئی ٹی کے شعبے میں ایک بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت معروف چینی کمپنی زید ٹی ای نے پاکستانی نوجوانوں کی تربیت کے لیے ملک گیر پروگرام کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس شراکت داری سے پاکستان کو ڈیجیٹل اسکلز میں خود کفیل بنانے اور ملکی معیشت کو علم پر مبنی بنانے میں بڑی مدد ملے گی۔
چین کے سرکاری دورے کے دوران ہونے والے اہم معاہدے کے مطابق، زید ٹی ای نہ صرف پاکستان میں نوجوانوں کے لیے جدید آئی ٹی اسکلز ٹریننگ پروگرام شروع کرے گی بلکہ اپنا آٹھواں عالمی ٹریننگ سینٹر بھی پاکستان میں قائم کرے گی۔ اس سینٹر کی بدولت پاکستانی نوجوانوں کو براہ راست عالمی معیار کی جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم اور عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔
اس تقریب میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کو زید ٹی ای کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹنے کا اعزاز حاصل ہوا اور ساتھ ہی وہ کمپنی کے نئے گلوبل ہیڈ آفس کے پہلے بین الاقوامی مہمان بھی بنے۔ اس دوران انہوں نے ادارے کے جدید نمائشی ہال کا دورہ کیا اور زید ٹی ای کی ماہرانہ ٹیکنالوجی پر مبنی مصنوعات کا جائزہ لیا۔
یہ انقلابی شراکت داری جلد ہی وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین کے موقع پر باضابطہ طور پر متعارف کروائی جائے گی۔ اس پراجیکٹ کو سی پیک کے دوسرے مرحلے کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں ٹیکنالوجی، نوجوانوں کا بااختیار بنانا اور پائیدار ترقی اہم ستون قرار دیے جا رہے ہیں۔
پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی دوستی کے اس نئے باب کو ملک کے ڈیجیٹل مستقبل کی جانب اہم قدم سمجھا جا رہا ہے، جس سے نوجوانوں کو با اختیار بنا کر پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نمایاں مقام دلانے کی راہ ہموار ہوگی۔
