پاکستان کے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے چین کے شہر تیانجن میں لوبان ٹی وی ای ٹی نمائش ہال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت (TVET) کے شعبے میں تعاون کو پائیدار ترقی، انسانی وسائل کی بہتری اور دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔
دورے کے دوران اسحاق ڈار نے پنجاب ٹیوٹا کے سات پاکستانی طلبہ سے بھی ملاقات کی، جو اس وقت تیانجن ماڈرن ووکیشنل ٹیکنالوجی کالج، چین میں دو سالہ ڈپلومہ برائے ‘ایڈوانس آٹو پروڈکشن لائن اور روبوٹکس’ کی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ یہ تربیتی پروگرام ٹیوٹا اور مذکورہ چینی ووکیشنل کالج کے درمیان تعاون کا حصہ ہے، جس کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کرنا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں لوبان ورکشاپ کا قیام لاہور میں کیا گیا تھا، جس کا مقصد نوجوانوں کو عالمی معیار کی ٹیکنیکل تعلیم و تربیت فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔ اس تعاون سے نہ صرف پاکستانی نوجوانوں کے لیے مواقع میں اضافہ ہو گا بلکہ پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
