پاکستان اور ترکمانستان پارلیمانی دوستی گروپ کی ملاقات

newsdesk
3 Min Read
اسلام آباد میں ترکمنستان کے سفیر سے پارلیمانی دوستی گروپ کی ملاقات، تجارت، رابطوں اور پارلیمانی تبادلوں کو فروغ دینے پر گفتگو

پاکستان۔ترکمانستان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ اور ترکمان سفیر کے درمیان ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد میں پاکستان۔ترکمانستان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ (پی ایف جی) اور پاکستان میں تعینات ترکمانستان کے سفیر کے درمیان اہم ملاقات منعقد ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط کے فروغ، تجارت، رابطہ کاری اور علاقائی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ ملاقات پاکستان۔ترکمانستان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے کنوینر مسٹر سنجے پروانی، رکن قومی اسمبلی کی سربراہی میں ترکمانستان کے سفارت خانے میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر عزت مآب مسٹر اَتادجان موولاموف نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی ایف جی کے اراکین فتح اللہ خان، رانا محمد قاسم نون، نذیر احمد بھگیو، ارشد عبداللہ ووہرا، ڈاکٹر درشن اور محترمہ نائمہ کنول بھی موجود تھیں۔

ترکمان سفیر نے اپنے تفصیلی بریفنگ میں ترکمانستان کے سیاسی نظام، آئینی ڈھانچے اور پارلیمانی ساخت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ترکمانستان کی خارجہ پالیسی مستقل غیر جانبداری، امن اور علاقائی تعاون کے اصولوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے ملک کی ترقیاتی ترجیحات، معاشی امکانات اور کثیرالجہتی فورمز میں فعال کردار کا بھی ذکر کیا جو خطے میں مکالمے، اعتماد اور استحکام کے فروغ کے لیے اہم ہے۔

سفیر نے سیاحت کے شعبے میں موجود وسیع مواقع کا بھی تذکرہ کیا اور ترکمانستان کے مخصوص نسل کے گھوڑوں اور وسیع و عریض قدرتی مناظر کو عالمی سیاحت کے لیے پرکشش قرار دیا۔

ملاقات میں پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا، خصوصاً پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے ذریعے بین الپارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ فریقین نے تجارت، ٹرانسپورٹ روابط، علاقائی رابطہ کاری اور وسیع تر اقتصادی تعاون کے امکانات پر تعمیری انداز میں گفتگو کی۔

اراکین نے ترکمان سفیر کی جامع بریفنگ کو سراہتے ہوئے علاقائی تعاون اور پائیدار ترقی کے لیے ترکمانستان کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ مکالمہ، پارلیمانی وفود کے تبادلے اور عوامی سطح پر روابط میں تسلسل دوطرفہ دوستی کو مزید مستحکم کرے گا۔

کنوینر سنجے پروانی نے کہا کہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس دونوں ممالک کی مقننہ کے درمیان افہام و تفہیم، ہم آہنگی اور تعاون کے فروغ کے لیے مؤثر ادارہ جاتی پلیٹ فارم ہیں۔ دونوں جانب سے پاکستان۔ترکمانستان تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور مستقبل میں قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے