پاکستانی قونصل جنرل کی لانگ آئی لینڈ یونائیٹڈ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں شرکت
نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے لانگ آئی لینڈ یونائیٹڈ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 کے فائنل میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس اہم مقابلے میں پاکستانی نژاد امریکی اور وسیع تر جنوبی ایشیائی کمیونٹی کے ارکان، پروفیشنلز اور کھیل سے لگاؤ رکھنے والے بڑی تعداد میں شریک ہوئے، جس سے کمیونٹی کے مابین کرکٹ کے غیر معمولی شوق اور جذبے کا اظہار ہوا۔
میچ کے اختتام پر قونصل جنرل نے وننگ اور رنر اپ ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کھیل معاشرے میں اتحاد پیدا کرنے اور مختلف کمیونٹیز کے درمیان تعلقات مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خصوصاً کرکٹ لوگوں کے درمیان رابطے اور دوستی، رواداری اور باہمی احترام کے فروغ کا باعث بنتی ہے۔
قونصل جنرل نے ٹورنامنٹ کے منتظمین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے صحت مند تفریحی مواقع فراہم کرنے سے نہ صرف تفریح میسر آتی ہے بلکہ کمیونٹی کے باہمی تعلقات بھی مضبوط ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی نے امریکی معاشرے میں ہم آہنگی، شمولیت اور فعال شہری کردار کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
ٹورنامنٹ کے اختتام پر منتظمین کی اس عزم کے ساتھ تعریف کی گئی کہ وہ کھیلوں اور ثقافتی تبادلے کے ذریعے اچھے اخلاق اور بھائی چارہ کو فروغ دے رہے ہیں۔
