پاکستان سویٹ ہومز میں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کا دورہ

newsdesk
2 Min Read

پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی وائس چیئرپرسن، جہاں آراء منظور وٹو نے پاکستان سویٹ ہومز اسلام آباد کا خصوصی دورہ کیا اور ادارے کے یتیم و بے سہارا بچوں کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر بانی اور سی ای او پاکستان سویٹ ہومز، زمرد خان نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا اور ادارے کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

دورے کے دوران جہاں آراء منظور وٹو نے سویٹ ہومز کی ٹیم کی انتھک محنت اور قربانیوں کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان سویٹ ہومز محض ایک پناہ گاہ نہیں بلکہ محبت، شفقت اور امید کا مینار ہے جہاں یتیم بچوں کو بہتر مستقبل کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں بچوں کے خوابوں کی آبیاری کی جاتی ہے اور انہیں ایک باوقار زندگی کی طرف گامزن کیا جاتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یتیم بچوں کی کفالت نہ صرف مذہبی اور ثقافتی اقدار کا تقاضہ ہے بلکہ یہ ایک بڑی انسانی خدمت بھی ہے۔ سابق سفیر برائے یتیم اطفال کی حیثیت سے انہوں نے اپنے ذمے اس مشن کو خدمت خلق کا درجہ دیتے ہوئے نبھایا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ملک کی ترقی اور فلاح کے لیے ہر فرد، ادارے اور تنظیم کو متحد ہو کر یتیم بچوں کی دیکھ بھال اور حقوق کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

جہاں آراء منظور وٹو نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا مستقبل انہی بچوں کے ہاتھوں میں ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہم انہیں عزت، تحفظ اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کریں۔ دورے کے اختتام پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان سویٹ ہومز کی قیادت، عملے اور تمام بچوں پر اپنی خصوصی رحمتیں نازل فرمائے اور ادارے کو مزید کامیابیاں عطا کرے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے