پاکستان روانڈا پارلیمانی تعاون میں نئی پیش رفت

newsdesk
2 Min Read

اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس میں پاکستان-رونڈا پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور پارلیمانی تعاون کے فروغ پر زور دیا گیا۔ اس ملاقات میں پاکستان میں رونڈا کی ہائی کمشنر محترمہ فاتو حریریمانا نے خصوصی شرکت کی جبکہ اجلاس کی صدارت رکن قومی اسمبلی آسیہ اسحاق صدیقی نے کی۔

اجلاس میں آسیہ اسحاق صدیقی نے پارلیمانی روابط بڑھانے کے لیے رونڈا کی پارلیمنٹ میں بھی اسی نوعیت کے فرینڈشپ گروپ کے قیام کی تجویز پیش کی تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے اس موقع پر رونڈا سے توقع ظاہر کی کہ وہ بھی جموں و کشمیر کے مسئلے کے پُرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پاکستان کے مؤقف کی حمایت کرے گا۔

اس اجلاس میں حکومت سے حکومت، اور کاروبار سے کاروبار تعلقات میں بہتری لانے، تجارتی مواقع بڑھانے، بینکنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، ثقافتی تبادلوں اور پارلیمانی سطح پر تعاون کے فروغ پر بھی بات کی گئی۔ آسیہ اسحاق صدیقی نے یقین دہانی کرائی کہ رونڈا ہائی کمیشن متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مل کر زیر التوا امور اور مفاہمتی یادداشتوں کی جلد تکمیل کے لیے بھرپور اقدامات کرے گا۔

رونڈا کی ہائی کمشنر نے دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے، تجارتی و معاشی روابط میں اضافہ کرنے کی ضرورت کو سراہا۔ انہوں نے دفاعی شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افسران کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں گے تاکہ دفاعی اداروں کے درمیان روابط اور استعداد میں بہتری لائی جا سکے۔

ہائی کمشنر نے یقین دہانی کروائی کہ رونڈا کی جانب سے زیر التوا مفاہمتی یادداشتوں پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، تاکہ طے شدہ امور کو بلا رکاوٹ آگے بڑھایا جا سکے۔ اجلاس کے شرکاء نے پاکستان-رونڈا تعلقات میں مزید بہتری کے لیے اپنی مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے