پاکستان کا شاندار اسٹال میجک لاس ویگاس 2025 میں

newsdesk
2 Min Read

لاس ویگاس میں منعقدہ معروف بین الاقوامی تجارتی نمائش "سورسنگ ایٹ میجک” میں پاکستان نے اس سال بھرپور انداز میں شرکت کی ہے۔ اس نمائش میں پاکستان کی جانب سے 50 ممتاز ٹیکسٹائل اور چمڑے کی مصنوعات کے برآمد کنندگان نے اعلیٰ معیار کی مصنوعات پیش کیں، جس سے پاکستان کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی شناخت اور مسابقت کو اجاگر کیا گیا ہے۔

پاکستان کی شرکت کا اہتمام ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے زیر انتظام ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ سیکشن، نیویارک نے کیا۔ لاس ویگاس کنونشن سنٹر میں قائم پاکستان پویلین کا افتتاح قونصل خانہ پاکستان نیویارک کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر، عدنان محمود اعوان نے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے شمالی امریکا میں نئی منڈیوں تک رسائی اور ٹیکسٹائل و چمڑے کی مصنوعات کی بین الاقوامی خریداروں تک رسائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ٹیکسٹائل اور چمڑے کے شعبے طویل عرصہ سے ملکی برآمدات کی بنیاد ہیں۔ قابل اور ہنر مند افرادی قوت، جدید پیداوار صلاحیتیں، پائیدار طریقوں پر توجہ اور امریکا میں پاکستانی مصنوعات کے لئے سازگار ٹیرف پاکستان کو عالمی برانڈز کے لیے قابل اعتماد پارٹنر بنا رہے ہیں۔

اس نمائش میں پاکستان کی شرکت سے مقامی برآمد کنندگان کو بین الاقوامی خریداروں، سورسنگ منیجرز اور عالمی ریٹیل برانڈز سے براہ راست رابطہ کا موقع ملا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس موقع سے کاروباری تعلقات مضبوط ہوں گے، نئے ایکسپورٹ آرڈر ملیں گے اور طویل مدتی تجارتی پارٹنرشپ قائم ہوں گی، جو پاکستان کی برآمدات بڑھانے اور معاشی سفارت کاری کو فروغ دینے کا حصہ ہے۔

ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ سیکشن، نیویارک تین روزہ اس ایونٹ کے دوران پاکستانی شرکاء کو ہر ممکن سہولت فراہم کرتا رہے گا تاکہ پاکستان کی تجارتی طاقت اور مصنوعات کی بھرپور نمائندگی ہو سکے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے