پارلیمان کے 78 سال، جمہوری جدوجہد کو خراج تحسین

newsdesk
2 Min Read

پاکستان کی پارلیمان کے قیام کو 78 سال مکمل ہونے پر پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان نے بانیانِ پاکستان، دستور ساز اراکین اور تمام جمہوریت پسند قوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے ملکی پارلیمانی نظام کی بنیاد رکھی۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن نے پارلیمانی روایات اور جمہوری اداروں کے استحکام پر بھی زور دیا۔

پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عثمان خان، سیکرٹری نوید اکبر اور دیگر عہدیداروں نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ پاکستان کی قانون ساز اسمبلی کا قیام ہمارے بانیوں کی بصیرت اور جمہوری سوچ کا عملی اظہار ہے۔ ان کے مطابق آج یہ ادارہ ایک مضبوط درخت کی صورت اختیار کر چکا ہے جو ملک کی جمہوریت کے استحکام کا ضامن ہے اور جس کے باعث پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

بیان میں آئین کی حکمرانی اور پارلیمان کی بالادستی کو قومی ترقی، خوشحالی اور یکجہتی کی ضمانت قرار دیا گیا۔ پارلیمان کو ملک کے 25 کروڑ عوام کی آواز اور ترجمان قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس ادارے کی مضبوطی ہی ملک میں سیاسی استحکام اور مسلسل ترقی کی بنیاد ہے۔

پی آر اے نے نوجوانوں کو پارلیمانی عمل سے جوڑنے کے مختلف اقدامات کو بھی سراہا اور کہا کہ ان سے جمہوریت مزید مضبوط ہوگی۔ ایسوسی ایشن نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ صحافیوں کی یہ تنظیم پارلیمانی معاملات کی شفاف، غیر جانبدار اور بروقت رپورٹنگ کے ذریعے جمہوری اداروں کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

پیغام پریس ریلیز کی صورت میں سیکرٹری اطلاعات پی آر اے جاوید حسین کی جانب سے جاری کیا گیا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے