لاہور نے مردوں کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کر لی جبکہ کراچی کی خواتین نے پاکستان پیڈل رینکنگ کپ میں اپنی برتری ثابت کردی، جو کراچی میں کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔ اس ایونٹ کا انعقاد پاکستان پیڈل فیڈریشن نے پیڈل ایشیا، انٹرنیشنل پیڈل فیڈریشن، پلے پرو میدان اور سندھ پیڈل فیڈریشن کے تعاون سے کیا۔
حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق تین مختلف کیٹیگریز کے فائنل مقابلے جمعرات کے روز کھیلے گئے۔ مردوں کے فائنل میں لاہور کے دونوں ٹاپ ٹیموں کے درمیان اعصاب شکن مقابلہ ہوا جس میں ٹیم ایس کے نے ٹیم پیڈل اسکوائر کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ دوسری جانب خواتین کے مقابلے میں کراچی کی ٹیم ایم یو وی نے پیڈل ٹیم کو با آسانی دو صفر سے زیر کیا۔ مکسڈ کیٹیگری کا ٹائٹل یم پریم نے جیتا۔
تقریب تقسیمِ انعامات میں پاکستان پیڈل فیڈریشن کے صدر میٹین نے کھلاڑیوں اور آفیشلز میں نقد انعامات اور ٹرافیز تقسیم کیں، اس موقع پر چھ لاکھ روپے کی مجموعی رقم انعامات کی صورت میں دی گئی۔ پاکستان پیڈل فیڈریشن کے سی ای او مدثر آرائیں نے یقین ظاہر کیا کہ پاکستانی کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر مقابلے کے لیے تیار ہیں اور جلد ہی ملک و قوم کو فخر کا موقع فراہم کریں گے۔
