وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و ورکس، میاں ریاض حسین پیرزادہ نے پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے بزرگوں کی ان بے شمار قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ایک آزاد پاکستان کے حصول کے لیے جدوجہد کی، تاکہ ہم عزت، انصاف اور آزادی کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری آزادی ایک عظیم جدوجہد، اتحاد اور غیر متزلزل یقین کے نتیجے میں ممکن ہوئی، اور یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور پرامن ملک بنانے کے لیے انتھک محنت کریں۔ انہوں نے اس موقع پر ہر شہری سے اپیل کی کہ وہ خلوص اور محنت سے اپنے حصے کا کردار ادا کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں جمہوریت، قانون کی بالادستی اور سماجی انصاف کے اصولوں کو مضبوط کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ہم سب کو چاہیے کہ مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کریں اور انہیں ترقی اور خوشحالی کے مواقع میں تبدیل کریں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی قوم کی بے لوث خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ پاکستان زندہ باد
